انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی جانب سے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کے بعد آئی سی سی نے یہ اہم فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اس معاملے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو 24 گھنٹے کی مہلت دی تھی، تاہم مقررہ وقت میں کوئی حل سامنے نہ آ سکا، جس کے بعد حتمی اقدام اٹھا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے ہفتے کی صبح تحریری طور پر آئی سی سی بورڈ کو آگاہ کیا کہ بنگلادیش کے مطالبات آئی سی سی پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتے۔ خط میں کہا گیا کہ بنگلادیش آئی سی سی بورڈ کے فیصلوں پر عمل درآمد میں ناکام رہا، جس کے باعث اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ مراسلہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کو بھی ارسال کیا گیا، جو آئی سی سی بورڈ کے رکن بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی سی سی نے کرکٹ اسکاٹ لینڈ کو باضابطہ دعوت نامہ بھی بھیج دیا ہے، تاہم کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی چیف ایگزیکٹو کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ کو یہ موقع ماضی کے آئی سی سی ایونٹس میں شاندار کارکردگی اور موجودہ عالمی درجہ بندی (14ویں نمبر) کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں تیسری پوزیشن پر رہا تھا، جبکہ 2021 کے ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلادیش کو شکست دے کر عالمی کرکٹ میں سب کو حیران کر دیا تھا۔
7