38 سالہ لیفٹ آرم اسپنر آصف آفریدی جنوبی افریقا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے۔ ٹیم مینجمنٹ نے پہلے ٹیسٹ کے لیے حتمی 11 کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیم ممکنہ طور پر سات بیٹرز، دو فاسٹ بولرز اور دو اسپنرز کے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ آف اسپنر ساجد خان وائرل بخار کے باعث دستیاب نہیں، ان کی جگہ آصف آفریدی کو موقع دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود آصف آفریدی کی بولنگ سے خاصے متاثر ہیں اور ان کے ڈیبیو کے حق میں ہیں۔
پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور آصف آفریدی شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل صبح 10 بجے لاہور میں شروع ہوگا۔