لاہور میں پاک آسٹریلیا ٹاکرا، شائقین کرکٹ پرجوش

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج ہو رہا ہے، جو کہ 7 فروری سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے دونوں ٹیموں کی اہم تیاری کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

یہ سیریز تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہے اور پہلا مقابلہ آج شام 4 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس اہم سیریز کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔

سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ لاہور پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کیا ہے جس کے تحت 9 ایس پیز، 25 ڈی ایس پیز اور 73 ایس ایچ اوز سمیت 6 ہزار سے زائد افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ اس میں 351 اپر سب آرڈینیٹس اور 188 لیڈی کانسٹیبلز بھی شامل ہیں۔

میچ کے دوران ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز بھی ڈیوٹی پر ہوں گے تاکہ ٹریفک کا بہتر انتظام یقینی بنایا جا سکے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ پولیس ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کے ساتھ ساتھ شائقین کو بھی مکمل سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے افسران کو پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اسٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں اور روٹس پر سیکیورٹی ایس او پیز کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے گی۔

اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے ہر شخص کی تلاشی لی جائے گی جبکہ خواتین شائقین کی چیکنگ لیڈی پولیس اہلکاروں کے ذریعے کی جائے گی۔

سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر کنٹرول رومز کے ذریعے سیکیورٹی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

سی سی پی او نے ڈولفن فورس، پیرو اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں کو موثر پٹرولنگ کی ہدایت کی ہے جبکہ سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور حالات پر گہری نظر رکھیں گے۔