ابوظہبی:متحدہ عرب امارات کی حکومت نے موجودہ علاقائی کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں اسپرنگ بریک قبل از وقت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکام نے اعلان کیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں 9 مارچ سے تعطیلات کا آغاز ہوگا جو 22 مارچ تک جاری رہیں گی۔
وزارتِ تعلیم اور وزارتِ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ملک کی موجودہ صورتحال اور علاقائی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تعطیلات کا اطلاق صرف اسکولوں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ملک کی تمام جامعات بھی اس فیصلے کے تحت اسپرنگ بریک میں شامل ہوں گی۔
اس سے قبل تعلیمی حکام نے تمام تعلیمی اداروں میں 6 مارچ (جمعہ) تک فاصلاتی تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ اس فیصلے کے تحت طلبہ و طالبات اس ویک اینڈ پر اپنی آن لائن کلاسز مکمل کرنے کے بعد اسپرنگ بریک پر چلے جائیں گے۔
اماراتی محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی اداروں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ تعطیلات کے اعلان پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں اور باقاعدہ کلاسز پیر 23 مارچ سے دوبارہ شروع ہوں گی۔
اس حوالے سے نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح طلبہ کو محفوظ اور مستحکم تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات کے باوجود طلبہ کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پہلے ریموٹ لرننگ اور اب قبل از وقت تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ تعلیمی سال 2025-2026 کے سرکاری تعلیمی کیلنڈر کے مطابق اسپرنگ بریک کا آغاز 16 مارچ سے ہونا تھا، تاہم ہنگامی حالات کے باعث اسے ایک ہفتہ پہلے نافذ کر دیا گیا ہے۔