صرف 4700 روپے ماہانہ قسط پر بلاسود قرض، وزیراعلیٰ پنجاب کا نیا ریلیف پیکیج

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبہ عوام میں بے حد مقبول ہو چکا ہے اور اس کے ذریعے دو لاکھ سے زائد خاندان کرائے کے گھروں سے نکل کر اپنی مستقل رہائش حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے سانحۂ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کی یاد میں “اپنی چھت، محفوظ چھت” منصوبے کے ڈیجیٹل پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے پورٹل کی تیاری اور اجراء پر متعلقہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ “اپنی چھت، محفوظ چھت” پروگرام کے تحت قرض کی ماہانہ اقساط میں نمایاں کمی کی جائے۔ اس فیصلے کے بعد پہلے مقرر کردہ تقریباً 14 ہزار روپے ماہانہ قسط کو کم کر کے تقریباً 4 ہزار 700 سے 9 ہزار 300 روپے تک مقرر کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اس منصوبے کے تحت پنجاب کے شہری اپنے گھروں کی چھت کو مضبوط اور محفوظ بنانے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے، جبکہ اضافی کمرہ، دوسری منزل یا دیگر تعمیراتی ضروریات کے لیے دس لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض بھی فراہم کیا جائے گا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ اس موقع پر بلال یاسین نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہری acag.punjab.gov.pk پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر آفس، اسسٹنٹ کمشنر آفس، پھاٹا کے دفاتر اور ہیلپ لائن 0800-09100 کے ذریعے بھی رہنمائی اور درخواست کی سہولت دستیاب ہوگی۔

حکام کے مطابق “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 24 ہزار 457 ملین روپے مالیت کے مجموعی طور پر ایک لاکھ 73 ہزار 158 بلا سود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔

ڈیجیٹل پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گھر صرف اینٹوں اور پتھروں سے تعمیر ہونے والی عمارت نہیں بلکہ ہر خاندان کے تحفظ، سکون اور عزت کی علامت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاہنہ میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ انتہائی دلخراش تھا، جہاں زیر تعمیر چھت گرنے سے 14 معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان، خصوصاً ایک ماں کے دکھ کو قریب سے محسوس کیا، جس کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا کہ آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “اپنی چھت، محفوظ چھت” منصوبے کا مقصد صرف تعمیرات میں بہتری لانا نہیں بلکہ ہر شہری کو محفوظ رہائش فراہم کرنا اور اس احساس کو مضبوط کرنا ہے کہ پنجاب میں کوئی بھی کمزور چھت کسی خاندان کی زندگی اجاڑنے کا سبب نہ بنے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع مظفر گڑھ میں عوام کو مفت موسمی سبزیاں فراہم کرنے کے لیے منفرد “سانجھی سبزی” منصوبے کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت شہری علاقوں میں سرکاری عمارتوں کی خالی جگہوں اور دیہی علاقوں کی سرکاری اراضی پر مختلف موسمی سبزیوں کی کاشت کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بلا معاوضہ تازہ سبزیاں فراہم کی جا سکیں۔

اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس عوامی فلاحی اقدام کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے ڈی سی مظفر گڑھ کو بہترین کارکردگی پر چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔

ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران 24 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے اور اس کامیابی پر پوری قوم کو اپنی فورسز پر فخر ہے۔