ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ رکوانے کے لئے کیا دھمکی دی ،خود ہی بتا دیا

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر فوجی جھڑپ کے دوران سات نئے اور خوبصورت جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جاپان کے دورے کے موقع پر ایک عشائیے میں کاروباری رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک پر درآمدی محصولات (ٹیرِف) عائد کرنے کی پالیسی نے کئی ممکنہ جنگوں کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا، “اگر آپ بھارت اور پاکستان کے تعلقات کو دیکھیں تو وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے، اور ان کے درمیان ہونے والی مختصر جھڑپ میں سات بالکل نئے اور دلکش طیارے تباہ ہو گئے۔”

اپنے بیان میں ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سخت پیغام دیا تھا کہ اگر دونوں ممالک میں جنگ ہوئی تو امریکا کسی بھی تجارتی معاہدے سے دستبردار ہو جائے گا۔

ٹرمپ کے بقول، “ہم نے واضح کر دیا تھا کہ اگر تم لڑو گے تو کوئی ڈیل نہیں ہوگی، اور صرف 24 گھنٹوں کے اندر ہی معاملہ ختم ہو گیا۔”

یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی اس جھڑپ کے دوران پاکستانی فوج نے اعلان کیا تھا کہ بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے گئے ہیں، جن میں رافیل طیارہ بھی شامل تھا، اور اس کے ٹھوس شواہد بھی پیش کیے گئے تھے۔
تاہم بھارت نے اس واقعے کی تصدیق کرنے سے گریز کیا اور طیاروں کی تباہی کے دعوے کو پروپیگنڈا قرار دیا۔