ڈر کر پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان کیلئے ہماری جانیں بھی قربان ہیں: علیمہ خان

ڈر کر پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان کیلئے ہماری جانیں بھی قربان ہیں: علیمہ خان

آپ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنا مذاق بنا رہے ہیں

علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی جانیں دے دیں گے مگر بانی پی ٹی آئی کے لیے لڑائی جاری رکھیں گے ہم ڈر کر پیچھے نہیں ہٹیں گے، جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہم باہر جا کر کیس لڑ کر یا پیغام دے کر خاموش ہوجائیں گے تو آپ غلطی پر ہیں۔ اگر آپ ڈرتے ہیں اور ہمیں جیلوں میں بند کرنا چاہیں تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صبح بتایا گیا کہ اگر آپ عدالت جائیں گی تو آپ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ پہلے تو واضح کریں کہ اصل الزام یہی ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کا پیغام دے رہے ہیں؟ آپ اتنے خوفزدہ ہیں کہ ہر کارروائی میں آپ کا خوف ظاہر ہو رہا ہے۔

علیمہ نے کہا کہ آپ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنا مذاق بنا رہے ہیں، لوگ یہ سب دیکھ رہے ہیں۔ آپ ہمیں گرفتار کریں اور پھر بتائیں کہ عمران خان کے ایک اور فیملی رکن کو کس جرم کی وجہ سے حراست میں لیا گیا یہ خود آپ کے لیے مسئلہ بن جائے گا۔ ہمیں جیل میں ڈال دیں، میری بہنیں بھی تیار ہیں، وہ آپ کو وہ پیغام دے دیں گی۔

اگر وہ موجود نہ رہیں تو ہمارے بچے کھڑے ہو جائیں گے — سب کو جیل میں ڈال دیں، ہم بانیِ پی ٹی آئی کی رہائی تک یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہمیں ان ہزاروں قیدیوں کی فکر ہے جو جیلوں میں بند ہیں۔

علیمہ نے زور دے کر کہا کہ ان لوگوں کا خیال رکھا جائے جنہوں نے اس جنگ کو جھیلا ہے، جن کے گھر ٹوٹ چکے ہیں اور جن کی فیملیاں غربت کا شکار ہیں۔ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانیت کا بول بالا کرے اور ان لوگوں کی آواز بنے — چاہے وہ مرید کے ہوں، کشمیر کے معاملے کے شہداء ہوں، 9 مئی یا 26 نومبر کے واقعات کے زخمی ہوں۔