شوبز انڈسٹری کی چکاچوند جہاں روشنیوں، شہرت اور کامیابی سے بھری ہوتی ہے، وہیں اس کے اندر تلخیاں، حسد، رقابتیں اور اختلافات بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اسی دنیا میں ایک نیا تنازع اس وقت سامنے آیا جب سینئر اسٹیج آرٹسٹ اور کامیڈین روبی انعم نے ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ مشی خان پر تنقید کی۔
مشی خان نے حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی ڈاکٹر نبیہا علی خان کی شادی پر کچھ سخت تبصرے کیے تھے، جو بظاہر روبی انعم کو ناگوار گزرے۔ روبی انعم نے مشی خان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نبیہا کا نکاح اور شادی کی رسومات جاری تھیں کہ صبح چھ بجے مشی خان نے ویڈیو پوسٹ کر دی، جو ان کے مطابق بلا وجہ کی جلد بازی تھی۔
روبی انعم نے کہا کہ نبیہا کی جیولری اصلی ہے یا نقلی، یہ بحث بالکل فضول ہے۔ کسی کی خوشیوں کے دن کو یوں متنازع بنانا غلط ہے۔ انہوں نے مشی خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی اپنی شادی کسی وجہ سے نہیں ہو سکی، تو دوسروں کی خوشی سے حسد نہ کریں اور ان کے خاص دن کو خراب نہ کریں۔
روبی انعم نے مزید کہا کہ مشی خان ایک معزز گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے ایئر ہوسٹس کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ پڑھی لکھی خاتون ہیں، ان کے رشتے بھی ضرور آئے ہوں گے، لیکن شادی نہ کرنا ان کا ذاتی فیصلہ تھا—لیکن یہ وجہ کسی دوسرے کی خوشی پر تنقید کا جواز نہیں بنتی۔
روبی انعم کے مطابق، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ مشی خان کو نبیہا کی خوشی سے تکلیف پہنچی ہے، کیونکہ چاہے نبیہا کی جیولری اصلی ہو یا جعلی، کسی کو اس کی خوشی میں رخنہ ڈالنے کا حق حاصل نہیں۔