شگفتہ اعجاز اور انکی فیملی کے وزن میں حیرت انگیز کمی، سوشل میڈیا نے پردہ فاش کردیا

کراچی:پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کے حیرت انگیز طور پر وزن میں کمی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

حال ہی میں سامنے آنے والی تصاویر میں شگفتہ اعجاز نہ صرف بےحد اسمارٹ بلکہ نوجوان لڑکیوں جیسی نظر آ رہی ہیں، جس پر مداح حیران رہ گئے۔ اداکارہ کے مداحوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتہائی کم وقت میں اتنا وزن کم کیا کہ ان کی شخصیت ہی بدل گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف شگفتہ ہی نہیں بلکہ ان کی بیٹیاں بھی حالیہ تصاویر میں نمایاں طور پر دُبلی پتلی دکھائی دے رہی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں بڑھ گئی ہیں۔

صارفین کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ، ان کی بیٹیاں اور یہاں تک کہ داماد نے بھی وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک (Ozempic) انجیکشن کا سہارا لیا ہے۔ یہ انجیکشن عام طور پر ذیابطیس کے مریضوں کے لیے تجویز کیا جاتا ہے، تاہم حالیہ عرصے میں دنیا بھر میں اسے وزن کم کرنے کے “شارٹ کٹ” کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا کہنا ہے کہ بغیر ورزش یا سخت ڈائیٹ کے اتنے کم عرصے میں پورے خاندان کا وزن کم ہونا اس بات کی علامت ہے کہ شاید اوزیمپک کا استعمال کیا گیا ہو۔ ان کے مطابق ہالی وڈ اور بالی وڈ کے متعدد فنکار بھی وزن کم کرنے کے لیے اسی طریقے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

تاہم اب تک شگفتہ اعجاز یا ان کی بیٹیوں کی جانب سے ان افواہوں پر کوئی سرکاری ردعمل یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل شگفتہ اعجاز کے شوہر کا انتقال ہوا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی زندگی میں شوہر کے جانے کے بعد بڑی تبدیلی آئی اور وہ تقریباً چھ ماہ بعد اس صدمے سے سنبھل پائیں۔