جونی لیور اور انکی فیملی پاکستان کا کون سا ڈرامہ انتہائی شوق سے دیکھتے ہیں

ممبئی / لاہور:بولی وڈ کے معروف کامیڈین اور سینئر اداکار جونی لیور نے اپنے پسندیدہ پاکستانی ڈرامے کا نام بتاتے ہوئے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تعریف کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جونی لیور کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ گرین انٹرٹینمنٹ کے مشہور ڈرامے ’پامال‘ کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیو میں جونی لیور نے کہا کہ وہ اور ان کے تمام گھر والے ڈراما سیریل ’پامال‘ بہت شوق سے دیکھتے ہیں اور اس کی ہر نئی قسط کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
ان کے بقول، ’’ہم سب مل کر یہ ڈراما دیکھتے ہیں، اور جب نئی قسط آتی ہے تو خوشی ہوتی ہے کہ اب کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا۔‘‘

اداکار نے ڈرامے کے ہدایتکار خضر ادریس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت باصلاحیت ہدایتکار ہیں جنہوں نے ڈرامے کی شاندار ہدایتکاری کی ہے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیوی سے بھی اکثر خضر ادریس کی تعریف کرتے ہیں کہ ’’بھئی یہ بندہ تو کمال کر رہا ہے۔‘‘

جونی لیور نے مزید کہا کہ ’پامال‘ کی کہانی، پروڈکشن، اداکاری اور ہدایتکاری سب کچھ بہترین ہے۔
ان کے مطابق، ڈرامے کے ہر کردار نے اپنا کردار دل سے نبھایا ہے، اور خدا ان سب کے ٹیلنٹ میں مزید اضافہ کرے۔

ڈراما ’پامال‘ پاکستانی معاشرتی مسائل پر مبنی ہے، جو میاں بیوی کے تعلقات، محبت، اعتماد اور سماجی رویوں کو بڑی خوبصورتی سے پیش کرتا ہے۔
کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ شادی کے بعد بعض اوقات شوہر اپنی بیوی کے حقوق محدود کر دیتا ہے، اور اپنی مرضی منوانے کے لیے ہر حد پار کر جاتا ہے۔
ڈرامے کی مضبوط کہانی، معیاری پروڈکشن اور حقیقت سے قریب مکالموں نے اسے ناظرین میں بے حد مقبول بنا دیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب جونی لیور نے پاکستانی فنکاروں کی تعریف کی ہو۔
اس سے قبل بھی وہ اداکار عمران اشرف اور اداکارہ صاحبہ کی اداکاری کی تعریف کر چکے ہیں، اور پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کو ’’فنکاروں کی سرزمین‘‘ قرار دے چکے ہیں۔