وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی کور کمانڈر پشاور سے ون آن ون اہم ملاقات

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل عمر احمد بخاری سے ون آن ون اہم ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بطور وزیراعلیٰ کور کمانڈر پشاور سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور مجموعی حالات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور امن و امان کی بہتری سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ ملاقات ون ٹو ون نوعیت کی تھی اور اس میں کوئی دوسرا عہدیدار شریک نہیں تھا۔ بتایا گیا کہ کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل عمر احمد بخاری سے یہ ملاقات امن جرگے سے قبل ہوئی۔

ذرائع کے مطابق، یہ ملاقات ایک کرٹیسی کال تھی جس میں صوبائی سیکیورٹی کی صورتحال اور امن و امان کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی کابینہ کے ہمراہ کور کمانڈر پشاور سے ملاقات کی تھی، جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے یہ ملاقات انفرادی طور پر ون ٹو ون بنیاد پر کی۔