سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پاسپورٹ کی تصاویر جعلی قرار

اسلام آباد:محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاکستانی پاسپورٹ کے فرنٹ کور پیج میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے بعض صارفین کی جانب سے ایسی تصاویر گردش کر رہی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ قومی پاسپورٹ کے فرنٹ کور کا نیا ڈیزائن متعارف کروایا گیا ہے۔

تاہم ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (ڈی جی آئی پی) نے ان خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاسپورٹ کے کور پیج میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ادارے نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر جعلی ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی پاسپورٹ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی جھوٹی اور گمراہ کن معلومات عوام میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔ محکمے کے مطابق، پاسپورٹ میں صرف کچھ جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ اس کی سکیورٹی اور جعل سازی سے بچاؤ میں بہتری لائی جا سکے، مگر اس سے ڈیزائن یا فرنٹ کور پیج میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔
محکمہ پاسپورٹس نے واضح کیا ہے کہ جعلی تصاویر یا گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام میں بداعتمادی پیدا کرنے والے عناصر کو روکا جا سکے۔

محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر بھروسہ کریں اور کسی بھی نئی اسکیم یا ڈیزائن کے اعلان کے لیے وزارتِ داخلہ یا پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کے آفیشل پلیٹ فارمز سے رجوع کریں۔