سادگی کی اعلیٰ مثال، شادی کارڈ نے سوشل میڈیا پر دل جیت لیے

پاکستانی شادیوں میں روایتی طور پر پر تکلف کھانے، بڑی تقاریب اور نمایاں انداز میں مہمان نوازی کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ مگر حال ہی میں ایک شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر غیر معمولی طور پر وائرل ہوا ہے جس نے اپنی سادگی اور بامقصد پیغام سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
وائرل کارڈ کی اصل وجہ اس پر درج وہ نوٹ ہے جس میں کہا گیا ہے:
’’معذرت قبول کیجیے، سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے کھانے کا اہتمام نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘‘۔
اس مختصر مگر مؤثر جملے نے نہ صرف صارفین کو حیران کیا بلکہ ان کے دل بھی جیت لیے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس اقدام کو سادگی، نیت اور برکت کی حقیقی مثال قرار دیا اور کہا کہ یہ رویہ موجودہ معاشرتی ماحول میں تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے، جہاں شادیوں میں غیر ضروری دکھاوے اور حد سے زیادہ اخراجات عام ہو چکے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر ایسے فیصلے فروغ پائیں تو فضول خرچی کم ہو سکتی ہے اور مذہبی و معاشرتی توازن بہتر انداز میں قائم ہو سکتا ہے۔
اس کارڈ نے نہ صرف تعریفیں سمیٹیں بلکہ ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے کہ آج کے دور کی شادیوں میں مذہبی تعلیمات، خاندانی روایات اور جدید رجحانات کے درمیان کس طرح خوبصورت اور موزوں توازن قائم کیا جا سکتا ہے۔