کنگنا رناوت کی کامیابی کے پیچھے چھپی دکھ بھری کہانی کیا ہے؟

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا فلمی اور سیاسی سفر شاہ رخ خان کے مقابلے میں کہیں زیادہ چیلنجنگ اور مشکل رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 39 سالہ کنگنا رناوت نے کہا کہ ان کی کامیابی اس لیے زیادہ معنی رکھتی ہے کیونکہ وہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ایک چھوٹے سے گاؤں بھملہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے بقول بالی ووڈ میں شاذ و نادر ہی کوئی ایسا فنکار کامیاب ہوا ہے جو دیہی پس منظر سے آیا ہو۔

کنگنا نے کہا کہ شاہ رخ خان دہلی کے شہری ماحول میں پروان چڑھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، جو ان کے کیریئر کے آغاز میں ان کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوا، جب کہ خود انہیں اپنے دیہی پس منظر کے باعث کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی پس منظر کے درمیان موجود یہ فرق ہی ان کے لیے فلمی سفر کو زیادہ دشوار بنا دیتا ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ہر شخص کو اپنی جدوجہد اور کامیابی پر فخر کرنے کا حق حاصل ہے۔ وہ بھی اپنے سفر اور محنت پر فخر محسوس کرتی ہیں کیونکہ ان کے مطابق، ’’میں نے جو کچھ حاصل کیا، وہ اپنی محنت، خود اعتمادی اور سچائی سے حاصل کیا۔‘‘

کنگنا کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ان کے خیالات سے اختلاف کرتے ہیں تو انہیں اس کی پرواہ نہیں، کیونکہ وہ سچائی پر یقین رکھتی ہیں اور ہمیشہ اپنے ضمیر کے مطابق بات کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے 2006 میں فلم “گینگسٹر” سے بالی ووڈ میں قدم رکھا، جس کے لیے انہیں بہترین خاتون ڈیبیو کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ ان کی پہلی ہی فلم کامیاب ثابت ہوئی اور اس کے بعد وہ متعدد ہٹ فلموں میں جلوہ گر ہوئیں، جن میں فیشن، کوئین، تانوں ویڈز منو اور منی کارنیکا شامل ہیں۔

اداکارہ حالیہ برسوں میں سیاست کے میدان میں بھی سرگرم ہیں اور کھل کر اپنے مؤقف کا اظہار کرتی رہی ہیں، جس کی وجہ سے وہ اکثر تنازعات میں بھی گھری رہتی ہیں۔