کیا ماہیما چوہدری نے دوسری شادی کر لی ؟ حقائق سے پردہ اٹھ گیا

ممبئی:بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ماہیما چوہدری اور اداکار سنجے مشرا کی شادی سے متعلق گردش کرتی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی دونوں کی شادی نہیں ہوئی، بلکہ یہ سب ان کی آنے والی فلم کی تشہیر کا حصہ تھا۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ماہیما چوہدری اور سنجے مشرا کی مبینہ شادی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ اداکارہ نے طویل عرصے بعد دوسری شادی کر لی ہے۔ تاہم اب ان افواہوں کی حقیقت واضح ہو گئی ہے۔

دونوں فنکاروں کی یہ وائرل ویڈیو دراصل ان کی نئی فلم ’’درلبھ پرساد کی دوسری شادی‘‘ کی پروموشنل ویڈیو تھی۔ اس فلم کی ہدایتکاری سدھانت راج نے کی ہے، جب کہ اس میں دیوِتا جونیجا، پرت کمانی اور آشی توش رانا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ویڈیو کے منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے سامنے آئے، کئی صارفین نے ماہیما کو مبارکباد دی، جبکہ کچھ نے فلمی چال قرار دیا — اب اداکارہ کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ سب تشہیری مہم کا حصہ تھا اور کسی حقیقی شادی کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

ماہیما چوہدری، جو ’’پردیس‘‘، ’’دھڑکن‘‘ اور ’’ایمرجنسی‘‘ جیسی کامیاب فلموں سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، طویل عرصے سے فلمی دنیا سے دور تھیں، تاہم حالیہ برسوں میں انہوں نے دوبارہ اداکاری شروع کر دی ہے۔

اداکارہ کی ذاتی زندگی بھی کافی عرصے سے خبروں کی زینت بنی رہی ہے۔ انہوں نے 2006 میں بھارتی آرکیٹیکٹ اور بزنس مین بوبی مکھرجی سے شادی کی تھی۔ ایک سال بعد ان کی بیٹی آریانا پیدا ہوئی۔ تاہم ازدواجی اختلافات کے باعث 2013 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔

ماہیما نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ازدواجی تنازعات کے دوران انہیں نہ صرف دو بار اسقاطِ حمل کا سامنا کرنا پڑا بلکہ بچی کی پرورش اور فلمی کیریئر کے درمیان توازن برقرار رکھنا ان کے لیے ایک سخت امتحان بن گیا تھا۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ مشکلات کے باوجود انہوں نے زندگی کا سفر ہمت سے جاری رکھا کیونکہ وہ چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی انہیں ایک مضبوط ماں کے روپ میں یاد رکھے۔

اب ماہیما چوہدری ایک بار پھر فلمی پردے پر واپسی کے لیے پرجوش ہیں، اور ان کی نئی فلم ’’درلبھ پرساد کی دوسری شادی‘‘ کو ان کے کیریئر کا نیا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔