جنوبی کوریا کے معروف اداکار جنگ ایون وو 39 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی آخری پوسٹ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ ایون وو کا اصل نام جنگ ڈونگ جن تھا۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 2006 میں کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے کوریائی ٹی وی انڈسٹری میں ایک پہچانا جانے والا نام بن گئے۔
جنگ ایون وو خاص طور پر مشہور ڈرامہ ’ویلکم ٹو ویکیکی‘ میں اپنے کردار کے باعث شہرت کی بلندیوں تک پہنچے۔ نوجوانی میں ان کی اچانک وفات کی خبر نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
ان کے انتقال کی خبر 11 فروری 2026 کو منظرِ عام پر آئی، تاہم تاحال ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔
2006 میں اداکاری کا آغاز کرنے والے جنگ ایون وو نے تقریباً بیس سال تک شوبز انڈسٹری میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ’برائڈ آف دی سن‘، ’فائیو فنگرز‘، ’ون ویل رائزڈ ڈاٹر‘ اور ’می اونلی ون‘ سمیت کئی کامیاب ڈراموں میں کام کیا۔ اگرچہ وہ زیادہ تر معاون کرداروں میں نظر آئے، لیکن ان کی سادہ اور حقیقت سے قریب اداکاری کو ہمیشہ سراہا گیا۔
خاص طور پر ’ویلکم ٹو ویکیکی‘ میں ان کی اداکاری نے انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی مقبولیت دلائی۔
دلچسپ اور افسوسناک بات یہ ہے کہ ان کی آخری انسٹاگرام پوسٹ وفات سے صرف ایک دن قبل شیئر کی گئی تھی۔ اس پوسٹ میں انہوں نے کم عمری میں دنیا سے رخصت ہونے والے اداکار لیسلی چیونگ اور گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس کی تصاویر کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی تھی۔
پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا:
میں آپ لوگوں کو مس کر رہا ہوں
ان کی یہ آخری پوسٹ مداحوں کے لیے مزید دکھ اور سوالات کا سبب بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین اس پوسٹ پر تعزیتی پیغامات اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ شوبز انڈسٹری ایک باصلاحیت فنکار کے اچانک انتقال پر سوگوار ہے۔
10