عمران خان جیل میں کیسے حالات کا سامنا کررہے ہیں، سلمان صفدر نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروادی

اسلام آباد:بانی تحریکِ انصاف سے متعلق فرینڈ آف دی کورٹ، بیرسٹر سلمان صفدر نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے پریشان دکھائی دیے۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اس رپورٹ کے مطابق ماہرِ امراضِ چشم ڈاکٹر عارف نے بانی کی آنکھ کا معائنہ کیا، تاہم علاج کے باوجود ان کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے پچھلے پانچ ماہ سے وکلاء سے ملاقات نہیں کی، سردیوں میں انہیں صرف ایک چھوٹا ہیٹر ملتا ہے، اور گرمیوں میں ان کے سیل میں شدید حبس رہتا ہے۔

بانی نے مچھر اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی شکایت بھی کی، اور بتایا کہ گرمیوں میں وہ ٹھیک سے نیند نہیں لے پاتے۔ انہوں نے بہنوں اور رشتہ داروں سے ملاقات نہ ہونے پر مایوسی کا بھی اظہار کیا۔

بانی کے مطابق انہیں گرمیوں میں ریفریجریٹر کی سہولت بھی میسر نہیں، اور جو کول باکس ملتا ہے وہ مؤثر نہیں۔ اس کے نتیجے میں انہیں گرمیوں میں دو سے تین بار فوڈ پوائزننگ بھی ہوئی۔

رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ملاقات کے دوران بانی بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے پریشان تھے، اور ان کی آنکھوں میں پانی تھا جسے وہ بار بار صاف کر رہے تھے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بانی کی آنکھ میں خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کی تشخیص ہوئی جس کی وجہ سے شدید نقصان ہوا، اور ان کی آنکھوں سے مسلسل پانی بہ رہا تھا۔

بانی نے یہ بھی بتایا کہ پچھلے دو سال سے دانتوں کا معائنہ نہیں ہوا اور عمر کے مطابق باقاعدہ بلڈ ٹیسٹ بھی نہیں کرائے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی کے سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں ہے، اور وکلاء سے ملاقات کے بغیر ان کا بنیادی حقِ شفاف ٹرائل متاثر ہو رہا ہے، لہٰذا عدالت اس معاملے میں مداخلت کرے۔

اس کے علاوہ سفارش کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کو اہل خانہ سے بلا تعطل ملاقاتیں کرائی جائیں، سیل سے مچھر اور دیگر حشرات کا خاتمہ کیا جائے، اور گرمیوں میں ریفریجریٹر جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔