خلیجی ممالک نے پچھلے سال کتنے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا؟

اسلام آباد:گزشتہ برس خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والے پاکستانیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔
وزارت سمندر پار پاکستانیوں نے ایوان میں رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران ساڑھے 38 ہزار پاکستانی خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے سب سے زیادہ 27,692 پاکستانی، متحدہ عرب امارات سے 6,794 اور عمان سے 2,537 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔ اسی طرح بحرین سے 786، قطر سے 644 اور کویت سے 163 پاکستانی اپنے ملک واپس آئے۔
مزید تفصیلات کے مطابق مختلف مقدمات میں مفرور 6,939 پاکستانی، اور غیر قانونی داخلے یا زائد قیام پر 4,872 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔
خلیجی ممالک کی جیلوں میں قید 2,500 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے، جب کہ 1,639 پاکستانی بلیک لسٹ، 1,125 منشیات سے متعلق معاملات، 936 ویزا خلاف ورزی، 190 چوری اور 780 بھیک مانگنے کے کیسز پر واپس بھیجے گئے۔
اس کے علاوہ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر 332، انٹرول پول کے تحت 15 پاکستانی، اور دیگر مختلف وجوہات کی بنا پر 14 ہزار سے زائد پاکستانی خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے۔