لاہور:یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم نانی والا کو پاکستان واپسی پر بڑا ریلیف مل گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان دونوں کو سائبر کرائم اور مبینہ گیمبلنگ ایپ سے متعلق مقدمات میں حفاظتی ضمانت دے دی، جس سے انہیں فوری گرفتاری کے خدشے سے نجات مل گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، جہاں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی میں بھی ایک مقدمہ درج ہے، لہٰذا کم از کم 15 روز کی حفاظتی ضمانت دی جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت میں متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔
سماعت سے قبل ایک دلچسپ صورتحال اُس وقت پیدا ہوئی جب رجب بٹ اور ندیم نانی والا بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں عدالت کے احاطے میں داخل ہوئے۔ میڈیا کے سوال پر رجب بٹ نے وضاحت کی کہ گاڑی ان کی نہیں، بلکہ وہ صرف لفٹ لے کر آئے ہیں۔ گاڑی چلانے والے شخص نے بھی یہ بات تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے محض راستے میں دونوں کو اپنے ساتھ بٹھا لیا تھا۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اور ندیم نانی والا گزشتہ رات ہی برطانیہ سے بے دخلی کے بعد پاکستان پہنچے تھے۔ ان کی آمد سے قبل ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک روز کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے ائیرپورٹ پر گرفتاری سے روک دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد دونوں سوشل میڈیا شخصیات نے فی الحال قانونی گرفت سے بچتے ہوئے اپنے مقدمات کا سامنا کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔