ممبئی : بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار اور مصنف ابھینو کشیپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سپر اسٹار سلمان خان نے فلم دبنگ کے دوران اپنے بھائی ارباز خان کے ساتھ ناراضگی کے باعث ان کے کئی مناظر فلم سے نکال دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، حالیہ انٹرویو میں ابھینو کشیپ نے بتایا کہ سلمان خان فلم کے دوران اپنے بھائی سے ناخوش تھے اور چاہتے تھے کہ فلم میں ارباز کا کردار نمایاں نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے دبنگ میں خود کو مرکزی فوکس میں رکھنے کے لیے ارباز خان کے مناظر حذف کروائے۔
ہدایتکار نے مزید انکشاف کیا کہ فلم کے سیٹ پر دونوں بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، اور ماحول کئی بار کشیدہ رہا۔
ابھینو کشیپ نے الزام عائد کیا کہ سلمان خان نے مبینہ طور پر فلم کے ایڈیٹر کو اغوا کروا کر دبنگ کے فائنل ایڈٹ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی۔
ہدایتکار کے مطابق، یہ تمام واقعات فلم کے ریلیز سے قبل 2010 میں پیش آئے تھے۔
یاد رہے کہ ابھینو کشیپ ماضی میں بھی خان خاندان، خصوصاً سلمان خان پر دباؤ ڈالنے، مافیا کلچر اور پروفیشنل سازشوں کے الزامات لگا چکے ہیں۔ تاہم تاحال خان فیملی کی جانب سے کسی الزام پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔