ویسٹ انڈیز نے ون ڈے ایسا انوکھا ریکارڈ قائم کر دیاشاید جو کبھی نہ ٹوٹ سکے

ڈھاکا:ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں ایسا کارنامہ انجام دیا جو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں آج تک کوئی ٹیم نہ کر سکی۔

میرپور کے شیرِ بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پورے 50 اوورز صرف اسپن بولرز سے کروائے، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 74 رنز سے شکست دی اور 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ تاہم دوسرے میچ میں کیریبیئن ٹیم نے تاریخ رقم کر کے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور حیران کن طور پر اپنے تمام 50 اوورز پانچ اسپنرز سے مکمل کرائے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم میں فاسٹ بولر رودرفورڈ موجود ہونے کے باوجود انہیں ایک بھی اوور کروانے کا موقع نہیں دیا گیا۔

کیریبیئن اسپنرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ عقیل حسین نے 10 اوورز میں 41 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں اور ایک اوور میڈن کرایا۔ روسٹن چیز نے 10 اوورز میں صرف 44 رنز دیے اور دو اوور میڈن کیے لیکن وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

گوداکیش موتی نے سب سے زیادہ تین وکٹیں اپنے نام کیں، تاہم وہ 65 رنز دے کر مہنگے ثابت ہوئے۔ خارے پیئر نے اپنے 10 اوورز میں 43 رنز دیے مگر وکٹ سے محروم رہے۔ الیک ایتھانیز نے کمال کارکردگی دکھاتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور 3 اوورز میڈن کروائے۔

ان کی مجموعی کارکردگی نے نہ صرف ویسٹ انڈیز کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا بلکہ اسپن بولنگ کے نئے دور کی جھلک بھی دکھا دی۔

آئی سی سی کے مطابق اس سے قبل سب سے زیادہ اسپن بولنگ کے اوورز کروانے کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس نے 44 اوورز تین مختلف مواقع پر اسپنرز سے کروائے تھے۔

سری لنکا نے یہ کارنامہ 1996 میں ویسٹ انڈیز، 1998 میں نیوزی لینڈ اور 2004 میں آسٹریلیا کے خلاف انجام دیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے اس ریکارڈ کو نہ صرف توڑا بلکہ اپنی شاندار اسپن حکمتِ عملی سے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا۔