برازیلیا: برازیل میں خوبصورتی میں اضافے کے لیے آنکھوں کی سرجری کروانے والی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر المناک طور پر انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 31 سالہ فیشن انفلوئنسر نے مارچ 2025 میں ایک معروف کاسمیٹک سرجن سے اپنی آنکھوں کی “فاکس آئی سرجری” کروائی تھی، جس کا مقصد آنکھوں کو بلی جیسی لمبی اور دلکش شکل دینا تھا۔ تاہم یہ سرجری ان کے لیے زندگی کا خطرناک موڑ ثابت ہوئی۔
سرجری کے کچھ ہی دن بعد ایڈیئر مینڈیز کے چہرے پر شدید سوجن، نیلے نشانات اور درد ظاہر ہوا۔ انہوں نے اپنے فالوورز کو سوشل میڈیا پر ویڈیوز کے ذریعے اپنی حالت کے بارے میں بتایا اور اس تکلیف دہ تجربے کو کھل کر بیان کیا۔
بعدازاں انہوں نے اعتراف کیا کہ سرجری کے نتیجے میں انہیں جلد کا سنگین انفیکشن لاحق ہوگیا ہے، جس کے باعث وہ طویل عرصے سے جلد کے ماہر ڈاکٹروں کی زیرِ نگرانی علاج کروا رہی تھیں۔
صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب انفیکشن پھیلنے کے بعد ایڈیئر مینڈیز نے متعلقہ بیوٹی سرجن کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کرایا، جس میں ڈاکٹر پر پیشہ ورانہ غفلت، دھوکہ دہی اور جسمانی نقصان کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
تاہم 3 اکتوبر کو ان کی طبی حالت اچانک بگڑ گئی۔ انہیں سانس لینے میں دشواری کے باعث فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق ایڈیئر مینڈیز کی موت کی ممکنہ وجہ وہی انفیکشن تھا جو سرجری کے فوراً بعد ان کے جسم میں پیدا ہوا تھا۔
ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر فیشن اور بیوٹی انڈسٹری میں ایک مشہور نام تھیں اور لاکھوں فالوورز ان کے اسٹائل اور فیشن سے متاثر تھے۔ ان کی اچانک موت نے نہ صرف مداحوں کو غمزدہ کر دیا بلکہ برازیل میں کاسمیٹک سرجری کے خطرات پر بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں “فاکس آئی سرجری” جیسے ٹرینڈز نے نوجوانوں میں مقبولیت حاصل کی ہے، لیکن اگر یہ طریقہ کسی غیر ماہر یا ناقص احتیاط کے ساتھ کیا جائے تو جان لیوا پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
ایڈیئر مینڈیز کی موت نے ایک بار پھر یاد دلایا ہے کہ خوبصورتی کی خواہش اگر حد سے بڑھ جائے تو زندگی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔