پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سابق ماڈل اور اداکارہ زینب قیوم نے ایک ویب شو میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ اور چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کے صرف دس ماہ بعد ہی ان کے شوہر نے انہیں طلاق دے دی تھی۔
زینب قیوم کے مطابق، انہوں نے 2010 میں شادی کی تھی جس کے بعد وہ دبئی اور پھر لندن منتقل ہوئیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا:
میں تو یہ سوچتی تھی کہ شوہر کے گھر سے ہی میری میت اٹھے گی اور میرے ساتھ جو زیادتیاں ہوں گی، ان کا بدلہ میرے بچے لیں گے، لیکن اس کے باوجود میرے شوہر نے مجھے طلاق دے دی۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ طلاق کے بعد وہ شدید دلبرداشتہ ہو گئی تھیں اور اکثر سوچتی تھیں کہ ایک کامیاب کیریئر کے باوجود وہ ازدواجی رشتہ کیوں نہیں نبھا سکیں۔
زینب نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سابق شوہر کو لگتا تھا کہ دونوں کے درمیان مطابقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا: “میں ان کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے سب کچھ خود ہی ختم کیا، کیونکہ میں نے ان کے لیے ہر ممکن کوشش کی تھی۔ اس لیے مجھے آج بھی کسی قسم کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ زینب قیوم پاکستان کی فیشن انڈسٹری میں سپر ماڈل کے طور پر پہچانی جاتی ہیں۔ وہ اب پاکستانی ڈراموں میں بڑی عمر کی خواتین کے کرداروں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ زینب قیوم کو 2004 میں لکس اسٹائل ایوارڈز میں سال کی بہترین ماڈل کا اعزاز بھی دیا گیا تھا، جو ان کے شاندار فیشن کیریئر کا اعتراف تھا۔