اب تلاشی ہو گی، سرکاری و نجی سکولوں کی حفاظت سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری

راولپنڈی:پنجاب بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر سرکاری اور نجی اسکولوں کے لیے طلبہ و طالبات کی حفاظت سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے، جس کے تحت روزانہ اسکول بیگز کی چیکنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق، صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نئی ایڈوائزری کے مطابق، حفظِ ماتقدم کے طور پر ہر طالب علم کے اسکول بیگ کی روزانہ تلاشی لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی انتظامات کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔

محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی نظام کو فول پروف بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے چوکیداروں اور سیکیورٹی گارڈز کو میٹل ڈیٹیکٹرز فراہم کیے جائیں گے تاکہ اسکول کے داخلی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید کہا گیا ہے کہ اساتذہ، طلبہ اور عملے کو سیکیورٹی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے، جب کہ اسکولوں میں پستول، بندوق، چھریاں، قینچیاں اور کسی بھی قسم کے خطرناک آلات لانے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تمام اسکولوں میں سیکیورٹی الارم سسٹم فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔

یہ اقدامات تعلیمی اداروں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور طلبہ، اساتذہ و عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔