کراچی:شہرِ قائد میں ٹماٹر کی قیمتوں نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، یہاں تک کہ فی کلو ٹماٹر مرغی کے گوشت سے بھی مہنگا ہو گیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جب کہ مرغی کا گوشت اوسطاً 450 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ شہریوں کے مطابق ٹماٹر اب عام سبزی نہیں بلکہ قیمتی نعمت بن چکا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ افغانستان سے ٹماٹر کی آمد بند ہونے اور پنجاب سے سپلائی میں کمی کے باعث قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت کراچی میں ٹماٹر کی تقریباً 90 فیصد ضرورت ایرانی ٹماٹر سے پوری کی جا رہی ہے، مگر محدود رسد کی وجہ سے یہ سپلائی بھی ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹر کے سرکاری نرخ 280 روپے فی کلو مقرر کیے ہیں، تاہم بیشتر دکاندار ان نرخوں پر فروخت سے گریزاں ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ جب منڈی سے ہی ٹماٹر مہنگے داموں مل رہے ہیں تو وہ سستا بیچنے سے قاصر ہیں۔
دکانداروں کے مطابق اگر حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری نرخ پر فروخت ہو تو پہلے منڈیوں میں نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب بچت بازار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو دکاندار مقررہ نرخوں پر عمل نہیں کریں گے، انہیں فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نتیجتاً، کراچی میں ٹماٹر عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے، اور شہری سبزیوں کی خریداری میں بھی سوچ بچار پر مجبور ہیں۔
54