9
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مالی بحران کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر پارٹی نے اراکین اسمبلی سے ہنگامی مالی تعاون طلب کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پارٹی کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے ہر پارلیمنٹرین اپنی تنخواہ کا 10 فیصد پارٹی فنڈ میں جمع کرائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر ایم این اے، سینیٹر اور ایم پی اے ماہانہ 50 ہزار روپے پارٹی فنڈ میں جمع کروائیں، تاکہ پارٹی کے روزمرہ اور ہنگامی اخراجات پورے کیے جا سکیں۔
فردوس شمیم نقوی نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام اراکین اسمبلی 72 گھنٹوں کے اندر مطلوبہ رقم جمع کروائیں گے، تاکہ پارٹی کی سرگرمیوں میں کوئی خلل نہ آئے۔