سہیل آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنما سپریم کورٹ کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے

اسلام آباد:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنما سپریم کورٹ کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے اور نعرے بازی شروع کر دی۔

تحریک انصاف کی قیادت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچی تھی، تاہم ملاقات سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سے ہوئی، جو تقریباً 10 منٹ تک جاری رہی۔ رجسٹرار سے ملاقات کے بعد اٹارنی جنرل سے بھی ملاقات کی گئی۔

کچھ دیر بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔ پی ٹی آئی رہنما شفیع جان نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے آئے ہیں اور ضرورت پڑی تو آئینی عدالت کا رخ بھی کریں گے۔

سپریم کورٹ کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور حفاظتی اقدامات کے تحت مزید قیدی وینیں بھی عدالت کے باہر پہنچا دی گئی ہیں۔