اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے یہ حملے ناقابلِ قبول ہیں اور پاکستان ان کی واضح طور پر مذمت کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر پاکستان کو شدید دکھ ہے، جبکہ اہم تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کو بھی قابلِ افسوس قرار دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور کشیدگی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات کو بھی دہرایا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔