صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان ،فی یونٹ میں کتنی کمی کی جائے گی؟

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں ملک کے معروف ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی شعبے کو ریلیف دینے اور پیداوار بڑھانے کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 4 پیسے کمی کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کا کام خود کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی کے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی، اس لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کا باعث ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو اب ترقی اور گروتھ کی جانب بڑھنا ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کو ترجیح دی جائے گی۔ ان کے مطابق تاجر اور صنعتکار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر بہتر معاشی پالیسیاں بنائی جائیں گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت معاشی فیصلوں میں تاجر برادری سے مشاورت کو یقینی بنائے گی تاکہ پالیسیاں حقیقت پسندانہ اور مؤثر ہوں۔ انہوں نے باہمی اعتماد اور مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی طریقے سے معیشت کو درست سمت میں لے جایا جا سکتا ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان تعاون سے ملکی ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں۔ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور یہ ہم آہنگی معیشت اور کاروباری ماحول پر واضح اثر ڈال رہی ہے۔

شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، اور بجلی کی قیمت میں کمی بھی اسی کوشش کا حصہ ہے تاکہ صنعتی شعبہ مضبوط ہو اور قومی معیشت کو فروغ ملے۔