کراچی:کراچی کی مصروف شاہراہ پر ایک ایسا منظر دیکھنے میں آیا جس نے برسوں سے جاری وی آئی پی کلچر پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔ روزمرہ کی مشکلات سے تنگ شہریوں نے اس بار خاموش رہنے کے بجائے خود ہی صورتحال بدلنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول چورنگی پر ایک اہم شخصیت کی آمد کے پیشِ نظر سیکیورٹی اقدامات کے تحت ٹریفک کو تقریباً تیس منٹ تک روکے رکھا گیا۔ اس طویل انتظار نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کیا اور بالآخر ان کے صبر کا بند ٹوٹ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی سیکیورٹی قافلے کی گاڑیاں موقع پر پہنچنے لگیں، شہریوں نے رکاوٹیں خاطر میں نہ لاتے ہوئے آگے بڑھنا شروع کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے ناکہ بندی غیر مؤثر ہو گئی اور پروٹوکول میں شامل گاڑیاں ٹریفک کے ہجوم میں الجھ کر رہ گئیں۔
یہ واقعہ گزشتہ رات تقریباً نو بجے پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ شہریوں نے اجتماعی طور پر ردعمل دیتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو چیلنج کر دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وی آئی پی نقل و حرکت کے نام پر عوام کو سڑکوں پر روک کر مشکلات میں ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہونا چاہیے، اور اس رجحان کے خلاف آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
4