شہری کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ،پولیس حیران

لاہور: شہر میں ٹریفک پولیس کی جنرل ہولڈاپ کارروائی کے دوران ایک غیر معمولی انکشاف سامنے آیا ہے جس میں ایک شہری کے نام پر سینکڑوں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا معاملہ بے نقاب ہوا، جبکہ بھاری ای چالان بھی ریکارڈ پر موجود نکلے۔

تفصیلات کے مطابق معمول کی چیکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روکا گیا اور اس کے کوائف کی جانچ کی گئی تو حیران کن طور پر معلوم ہوا کہ باز محمد نامی شہری کے نام پر مجموعی طور پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔ یہ انکشاف موقع پر موجود ٹریفک اہلکاروں کے لیے بھی حیرت کا باعث بن گیا۔

مزید جانچ پڑتال میں سامنے آیا کہ مذکورہ شہری پر 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد کے ای چالان بھی واجب الادا ہیں۔ کارروائی کے دوران اس کی موٹر سائیکل کو تحویل میں لے کر تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کر دیا گیا۔

ٹریفک حکام کے مطابق سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں واجب الادا چالانوں کی بڑی تعداد ٹریفک پولیس کے لیے ایک سنگین چیلنج بنتی جا رہی ہے، جبکہ مشکوک اور جعلی رجسٹریشنز کی جانچ پڑتال کا دائرہ بھی مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت مؤقف اپنایا گیا ہے اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ای چالان نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔