اسلام آباد:محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ملازمین کے لیے خوشخبری، تنخواہوں، ہاؤس رینٹ اور پنشن میں اضافے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کی جانب سے یہ اہم فیصلہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں ایک نمایاں قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
بجٹ 2025-26 کے نوٹیفکیشن کے مطابق ای ٹی پی بی کے ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جس پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر ملازمین نے چیئرمین قمر الزمان اور اعلیٰ انتظامی افسران سے بھرپور انداز میں اظہارِ تشکر کیا۔ چیئرمین کی ہیڈ آفس آمد پر ملازمین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
چیئرمین قمر الزمان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے جائز مطالبات اور ان کے حقوق کی ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، کیونکہ ایک مطمئن ملازم ہی ادارے کی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے۔
بعد ازاں چیئرمین ای ٹی پی بی نے ہیڈ آفس میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور فراہم کیے جانے والے پانی کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ملازمین کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کے احکامات بھی جاری کیے۔