حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی اور کورٹ مارشل کے خلاف دائر درخواست پر اہم پیشرفت

لاہور:لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی اور کورٹ مارشل کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔ عدالت نے کیس فائل واپس چیف جسٹس کو بھجوا دی اور سفارش کی کہ معاملہ کسی دوسرے بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے۔

درخواست کی سماعت جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد گرفتاری کے باوجود حسان نیازی کو کسی سویلین عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے عدالتی احکامات کے بغیر غیر قانونی طور پر انہیں ملٹری حکام کے حوالے کردیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ کمانڈنگ آفیسر کی جانب سے 17 اگست 2023 کو جاری نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے جس کے تحت حسان نیازی کو ملٹری کسٹڈی میں دیا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ

انہیں فوجی تحویل میں دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے،

ملٹری کورٹ کی تمام کارروائیاں اور کورٹ مارشل کو غیر قانونی قرار دیا جائے،

اور عدالت ان کی رہائی یا انسداد دہشتگردی عدالت کے سامنے پیشی کا حکم جاری کرے۔