دینِ اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابق اداکارہ سارہ چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ مذہب کی طرف رجحان بڑھنے کے بعد وہ چاہتی تھیں کہ ان کے تمام ڈرامے اور ویڈیوز انٹرنیٹ سے حذف ہو جائیں، لیکن بعد میں انہوں نے اس معاملے کو اللہ کی رضا پر چھوڑ دیا۔
سارہ چوہدری نے حال ہی میں پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے اپنے شوبز سفر اور مذہبی تبدیلی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ شوبز میں آنے کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ وہ اپنے والدین کو بہتر زندگی فراہم کرنا چاہتی تھیں—گھر، گاڑی اور دیگر سہولیات کی خواہش انہیں اس انڈسٹری میں لے آئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں حقیقی شہرت پی ٹی وی کے ڈرامے ’بہلاوا‘ سے ملی۔ اگرچہ انہوں نے زیادہ پروجیکٹس نہیں کیے لیکن جتنا کام کیا، وہ سب مقبول ہوا۔ ان کے چند ڈرامے آج بھی یوٹیوب پر موجود ہیں جن کی بدولت لوگ انہیں یاد رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ان کا دل دین کی طرف مائل ہونے لگا تو وہ دل سے چاہتی تھیں کہ ان کے پچھلے ڈرامے اور ویڈیوز کسی طرح آن لائن پلیٹ فارمز سے ہٹا دیے جائیں۔ لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے محسوس کیا کہ یہ سب اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے۔
سارہ چوہدری کے مطابق اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہے کہ جو بندہ سچی توبہ کرتا ہے، اللہ اس کے گناہوں کو بھی نیکیوں میں بدل دیتا ہے۔ اسی یقین کے ساتھ انہوں نے ماضی کی چیزوں کو اللہ کے سپرد کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ وہ کسی کو مجبور نہیں کر سکتیں کہ ان کی ویڈیوز ڈیلیٹ کر دے، لیکن شوبز چھوڑنے کے بعد انہوں نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پہلے کی تمام تصاویر اور ویڈیوز خود حذف کر دی تھیں۔
واضح رہے کہ سارہ چوہدری نے 2001 میں شوبز میں قدم رکھا اور 2010 کے اوائل میں شوبز کو مکمل طور پر چھوڑ دیا تھا۔ وہ شادی شدہ ہیں، پانچ بچوں کی والدہ ہیں اور اب اپنا زیادہ تر وقت مذہبی سرگرمیوں اور دین کے کاموں کے لیے وقف کرتی ہیں۔
53