روزانہ ایک کپ کافی پینے کے صحت پر حیرت انگیز فوائد

اسلام آباد:ایک تازہ اور منفرد تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ ایک کپ کافی پینا دل کی بے ترتیب دھڑکن کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، جبکہ اس سے ہائی بلڈ پریشر میں کمی بھی دیکھی گئی ہے۔

طبی ویب سائٹ کے مطابق دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق نے روایتی طبی مشورے کو چیلنج کیا ہے، جس کے مطابق دل کی خطرناک بے ترتیبی ایٹریل فبریلیشن (AFib) کے مریضوں کو کیفین سے دور رہنے کا کہا جاتا تھا۔

امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ کم از کم ایک کپ کیفین والی کافی پینا نہ صرف محفوظ ہے بلکہ اس سے ایٹریل فبریلیشن کی واپسی کا خطرہ 39 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دل کی بے قاعدہ دھڑکن کے مسئلے سے دوچار افراد کے لیے کافی کا محدود استعمال فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا طویل المدتی رینڈمائزڈ کلینیکل ٹرائل ہے، جس میں کیفین والی کافی کے اثرات کو سائنسی انداز میں جانچا گیا۔

تحقیق میں 200 ایسے مریض شامل کیے گئے جنہیں دل کی بے ترتیبی کا مسئلہ لاحق تھا اور وہ پہلے سے ہی کافی پینے کے عادی تھے۔ ماہرین نے نصف شرکاء کو روزانہ ایک کپ کیفین والی کافی پینے کی ہدایت کی، جبکہ باقی افراد کو مکمل طور پر کیفین سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا۔

چھ ماہ کی نگرانی کے بعد معلوم ہوا کہ روزانہ ایک کپ کافی پینے والے مریضوں میں دل کی بے ترتیب دھڑکن 39 فیصد بہتر تھی۔

ماہرین کے مطابق کافی خون کے دباؤ کو کم کرنے اور جسم کو متحرک رکھنے میں کردار ادا کرتی ہے، یہی عوامل دل کی دھڑکن کے نظم میں بہتری کا باعث بن سکتے ہیں۔