ٹک ٹاکر، یوٹیوبر اور مشہور سوشل میڈیا اسٹار جیمز اسٹیفن جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک عارضی تفریحی پارک “بیسٹ لینڈ” کا افتتاح کر دیا، جہاں شائقین کے لیے دلچسپ رکاوٹیں، چیلنجز اور بڑے انعامات رکھنے والے مقابلے پیش کیے گئے ہیں۔
450 ملین سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے مسٹر بیسٹ نے یہ پارک ایسے موقع پر کھولا ہے جب سعودی عرب تیزی سے خود کو عالمی تفریحی مرکز کے طور پر اپنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
بیسٹ لینڈ 13 نومبر سے 27 دسمبر تک کھلا رہے گا اور اس میں وہی طرز کے چیلنجز شامل کیے گئے ہیں جو مسٹر بیسٹ کی مشہور ویڈیوز میں دکھائے جاتے ہیں۔ شائقین ان میں حصہ لے کر قیمتی انعامات جیت سکتے ہیں۔
یہ پارک ریاض سیزن کا حصہ ہے—ایک سالانہ تفریحی میلہ جس کے ذریعے سعودی عرب دارالحکومت کو عالمی سیاحتی مقام بنانے اور تیل پر انحصار کم کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس میلے میں دنیا بھر کی مشہور شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے تاکہ معیشت میں تنوع لایا جا سکے۔
مسٹر بیسٹ نے بتایا کہ ان کے ناظرین کی بڑی تعداد شمالی امریکا کے باہر رہتی ہے اور مشرق وسطیٰ میں ان کی ویڈیوز بے حد مقبول ہیں، اسی لیے وہ ریاض کے مداحوں کے لیے کچھ خاص کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے پارک کے داخلی دروازے کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جو نیلے رنگ کے شیر کے بڑے سر کی شکل میں تیار کیا گیا ہے۔ اس کی آنکھوں میں بجلی جیسی چمکتی روشنی موجود ہے، جو مسٹر بیسٹ کے لوگو سے مشابہت رکھتی ہے۔
ویڈیو میں مسٹر بیسٹ کا کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے منفرد منصوبوں میں سے ایک ہے اور وہ بے حد پرجوش ہیں کہ لوگ اس تجربے پر کیا ردعمل دیتے ہیں۔
44