سلام آباد:وفاقی حکومت نے گوادر سے عمان تک فیری سروس کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اپنے بیان میں بتایا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان اور عمان جلد اس فیری سروس کے قیام سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط کریں گے۔
وزیر کے مطابق منصوبے کے تکنیکی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے عمان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق یہ روٹ نہ صرف پاکستانی تارکینِ وطن کے لیے سفر کو سہل بنائے گا بلکہ سیاحت، ثقافت اور باہمی تعلقات کو بھی مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی سمندری راہداری کی بدولت خطے کے ممالک کو وسط ایشیا کی منڈیوں تک بہتر رسائی ملے گی، جس سے علاقائی تجارت میں بھی اضافہ ہوگا۔
بحری امور کے وزیر نے مزید کہا کہ فیری سروس کے آغاز سے گوادر میں اقتصادی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی اور بندرگاہ خطے کا نیا تجارتی مرکز بن کر اُبھرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔