اسلام آباد:مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بند کی گئی سڑکوں میں سے کچھ سڑکوں کو کھول دیا گیا ہے۔ احتجاج کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کی شاہراہوں پر تاحال کنٹینرز کھڑے ہیں عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے جڑواں شہروں کی کچھ اہم سڑکوں کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں اندرون شہر رہائشی علاقوں کو جانے والے راستے ٹریفک کے لئے کھول دئیے گئے ہیں جبکہ مری روڈ سے ملحقہ علاقوں کی گلیوں سے رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئی ہیں۔ اسلام آباد ایکسپریس وے اور نائنتھ ایونیو سے ڈبل روڈ کو ملانے والا راستہ بھی جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم آئی جی پی روڈ اور راولپنڈی، اسلام آباد کو ملانے والا فیض آباد انٹرچینج تاحال سیل ہے۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم 2 موٹروے لاہور تا اسلام آباد ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے اور ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ ٹریفک پولیس نے راستوں کے حوالے سے نیا پلان جاری کرتے ہوئے بتایاکہ راولپنڈی کے43 مقامات میں سے 6 کو مکمل اور 35 مقامات کوجزوی طور پرکھول دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس اور لوکل ٹرانسپورٹ تاحال بند ہے جس کے باعث ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے۔
65