مردوں کو نہر میں دھکا دے کر خواتین سیاحوں سے زیادتی کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے

بھارت میں غیر ملکی سیاحوں پر حملہ، اجتماعی زیادتی اور قتل کے سنگین مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مقامی عدالت نے تینوں ملزمان کو سزائے موت سنا دی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 سالہ شرن نپا، 22 سالہ ملیش اور 21 سالہ سائی کو جرم ثابت ہونے پر انتہائی سزا دی گئی۔
واقعہ 6 مارچ 2025 کی رات پیش آیا جب ملزمان موٹر سائیکل پر معروف سیاحتی مقام سنابپور جھیل پہنچے۔ اس وقت پانچ سیاح رات کے وقت جھیل کے کنارے تارے دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ ملزمان نے پہلے پٹرول پمپ کا راستہ پوچھنے کا بہانہ کیا اور پھر اچانک سیاحوں سے رقم کا مطالبہ شروع کر دیا۔
جب سیاحوں نے مطالبہ کردہ رقم دینے سے انکار کیا تو ملزمان نے تشدد کیا اور تین مرد سیاحوں کو جھیل میں دھکیل دیا۔ ان میں سے دو افراد تیر کر دوسرے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم 26 سالہ بیبش کمار نائیک، جن کا تعلق بھارتی ریاست اڑیسہ سے تھا، ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
اسی دوران ملزمان نے دو خواتین سیاحوں کو نشانہ بنایا اور ان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔ متاثرہ خواتین میں ایک 27 سالہ اسرائیلی شہری جبکہ دوسری 29 سالہ بھارتی میزبان تھیں، جن کے گھر غیر ملکی مہمان قیام پذیر تھے۔ واردات کے بعد ملزمان موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔
مرد سیاحوں میں 23 سالہ امریکی شہری ڈینیئل پٹاس اور 42 سالہ بھارتی شہری پنکج پٹیل بھی شامل تھے، جو خوش قسمتی سے جان بچانے میں کامیاب رہے۔
اس ہولناک واقعے نے بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا اور سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے۔ مقدمے کی سماعت تیزی سے مکمل کی گئی اور عدالت نے جرم ثابت ہونے پر تینوں ملزمان کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔