پشاور:پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جہاں چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے لیے ملک بھر میں بیک وقت اجلاس ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج چاند دیکھنے کا مرکزی انتظام پشاور میں کیا گیا ہے اور ان شاء اللہ پورے پاکستان میں ایک ہی دن روزہ رکھا جائے گا تاکہ قومی وحدت کا عملی مظاہرہ ہو سکے۔
انہوں نے اس موقع پر اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب قومیں متحد ہوتی ہیں تو ترقی کی راہیں کھلتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور دو ممالک مل کر حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم قوم اور ریاست مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور باجوڑ میں عبادت کے دوران حملے انسانیت سوز اقدام ہیں جن کی کوئی بھی مسلمان توجیہ پیش نہیں کر سکتا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ “پیغامِ پاکستان” وہ متفقہ بیانیہ ہے جس میں خودکش حملوں کو واضح طور پر حرام قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان اور پوری قوم بیدار ہے اور دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان المبارک کے استقبال کی تیاری کریں اور اس بابرکت مہینے کو اتحاد و یکجہتی کے پیغام کے ساتھ خوش آمدید کہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام مکاتب فکر کے جید علماء، ماہرین فلکیات اور دیگر متعلقہ ماہرین پشاور پہنچ چکے ہیں جبکہ تمام صوبوں میں ضلعی اور صوبائی سطح پر رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بیک وقت جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ بھی کوشش ہے کہ پورے ملک میں پہلا روزہ ایک ہی دن رکھا جائے تاکہ انتشار کی فضا پیدا نہ ہو۔
دوسری جانب پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو (اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن) نے سائنسی بنیادوں پر پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا نیا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے 48 منٹ ہوگی، جس کے باعث اسے انسانی آنکھ سے دیکھے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ اس پیش گوئی کے مطابق پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
8