لاہور ٹریبونل نے مریم نواز کا انتخاب درست قرار دے دیا

لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انتخاب کو درست قرار دیتے ہوئے پی پی 159 سے متعلق مہر شرافت علی کی انتخابی عذرداری مسترد کر دی۔

لاہور الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس (ر) رانا زاہد محمود نے کیس کا 19 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں مریم نواز کے انتخاب کو قانونی اور آئینی طور پر درست قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ مہر شرافت علی نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 میں مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں ہوئیں، جس پر الیکشن ٹریبونل میں سماعت جاری تھی۔

فیصلے کے مطابق، عدالت نے مہر شرافت کی درخواست میں دیے گئے اعتراضات کو ناقابلِ اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بیرسٹر اللہ چٹھہ نے مفصل قانونی دلائل دیے، جن کے مکمل ہونے کے بعد ٹریبونل نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

فیصلے کے بعد پی پی 159 سے مریم نواز کا انتخاب برقرار رہے گا، جب کہ مہر شرافت علی کی الیکشن پٹیشن باضابطہ طور پر خارج کر دی گئی ہے۔