جاپان کی معروف کمپنی سَن ٹوری (Suntory) نے ایک نیا اور منفرد “فنکشنل واٹر” متعارف کرایا ہے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ پیٹ کی چربی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ پانی دراصل ایک سائنسی فارمولے پر مبنی ہے جس میں HMPA نامی ایک مالیکیول شامل کیا گیا ہے۔ یہ مالیکیول چاول کے بھوسے کے قدرتی تخمیر کے عمل سے تیار کیا جاتا ہے، اور جاپان کے صحت سے متعلق سخت قوانین کے تحت اس کی تجارتی منظوری دی جا چکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کمپنی کو اس پروڈکٹ کے صحت بخش فوائد کے ساتھ تشہیر کرنے کی باقاعدہ اجازت حاصل ہے۔
سَن ٹوری کے مطابق یہ پانی خاص طور پر اُن افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے جو بیٹھے بیٹھے کام کرنے کے عادی ہیں، مثلاً دفتر میں طویل اوقات گزارنے والے یا غیر فعال طرزِ زندگی اختیار کرنے والے افراد، جنہیں عموماً پیٹ پر چربی جمع ہونے کا سامنا رہتا ہے۔
اگرچہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس پانی سے اندرونی (ویسَرَل) چربی میں کمی آسکتی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے وزن گھٹانے کا جادوئی حل سمجھنا درست نہیں۔
غذائی عادات، جسمانی سرگرمی، اور صحت مند طرزِ زندگی کا کردار اب بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسے فنکشنل پروڈکٹس وقتی مدد فراہم کر سکتے ہیں، لیکن ہر فرد پر ان کا اثر یکساں نہیں ہوتا۔ بہتر نتائج کے لیے انہیں صرف ایک معاون ذریعہ سمجھا جانا چاہیے، نہ کہ مکمل متبادل۔