وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان سسٹم ’ون ایپ‘ کا افتتاح کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ملک میں پہلی بار شواہد پر مبنی ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے ویڈیو ثبوت کے ساتھ چالان کیا جائے گا اور شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔
ٹریفک خلاف ورزیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ اور قابل تصدیق ہوگی، اور موقع پر شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور چوری شدہ گاڑیوں کی جانچ بھی کی جا سکے گی۔
مزید بتایا گیا کہ گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری تصدیق ممکن ہوگی، اور تجاوزات یا ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بھی ڈیجیٹل کارروائی کی جائے گی۔
انٹیگریٹڈ سسٹم کے تحت ای چالان، ایف آئی آر کی صورتحال اور کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا سکے گا۔
دوسرے مرحلے میں پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا اور ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔
ٹریفمان کے مطابق ٹریفک خلاف ورزی کی تفصیلات شہریوں کو کیو آر کوڈ کے ذریعے بھیجی جائیں گی، تاکہ شفاف اور بلا امتیاز انفورسمنٹ ممکن ہو۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ڈیجیٹل شواہد کے ذریعے ہر شہری کے لیے شفاف اور بلا امتیاز انفورسمنٹ یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ایپ کے نفاذ سے سڑکوں پر نظم و ضبط بڑھے گا اور سفر مزید محفوظ ہوگا۔
یہ نیا سسٹم شہریوں کے لیے ٹریفک قوانین کی تعمیل کو آسان اور سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
4