اسلام آباد:انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق چھ مقدمات کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے تمام مقدمات کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی۔ کارروائی کے دوران عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہیں ہو سکے، جس کے بعد عدالت نے سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔
مقدمات میں شامل ایک کیس تھانہ نصیر آباد میں درج کانسٹیبل کے قتل سے متعلق ہے، جو احتجاج کے دوران پیش آیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر تمام چھ مقدمات کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ضمانت کی درخواستوں پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ان مقدمات میں بشریٰ بی بی سمیت دیگر تمام شریک ملزمان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں، تاہم بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز پر حتمی سماعت آئندہ تاریخ کو ہوگی۔
عدالتی کارروائی کے دوران پراسیکیوشن اور دفاعی وکلا کی جانب سے تیاری مکمل نہ ہونے کے باعث دلائل پیش نہیں کیے جا سکے، جبکہ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر تمام فریقین مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔