اسلام آباد:پاکستان میں آج انٹرنیٹ صارفین کو سروس میں سست روی یا جزوی بندش کا سامنا ہو سکتا ہے، کیونکہ بین الاقوامی کیبل نیٹ ورک کی مرمت کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ کے مطابق یہ مرمتی کام ضروری تکنیکی وجوہات کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ انٹرنیٹ سروس کے استحکام اور تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان پی ٹی سی ایل گروپ نے بتایا کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے سمندر میں بچھائی گئی کیبل کے ایک اہم رپیٹر کی مرمت کا شیڈول جاری کیا ہے، جس پر آج 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے سے کام کا آغاز ہو گا۔
یہ مرمتی عمل تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونے یا بعض علاقوں میں جزوی بندش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ تکنیکی عمل انٹرنیٹ نیٹ ورک کی بہتری اور طویل المدتی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے صارفین سے عارضی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کام مکمل ہوتے ہی انٹرنیٹ سروس کو مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا اور بہتر کارکردگی کے ساتھ فراہم کی جائے گی۔