ملک بھر میں افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف پوری قوم نے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا واضح پیغام دیا ہے۔ شہریوں نے افغان طالبان کے جارحانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ملکی دفاع کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان بھائیوں کو پناہ اور امداد دی، مگر دشمن کی حمایت پر افغانستان کو اپنی حدود کا احترام کرنا ہوگا۔ شہریوں نے زور دیا کہ کسی بھی قوت یا ادارے کی ایما پر پاک سرزمین پر حملوں کی اجازت قبول نہیں کی جائے گی۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ جو دہشت گرد افغانستان میں پناہ لے رہے ہیں، انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے پاکستان کے حوالے کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی اثر و رسوخ میں آ کر اپنے ہم مذہبوں کے خلاف سازش کرنا قابلِ ستائش نہیں۔
عوام نے واضح پیغام دیا کہ اگر افغانستان یا اس کے اندر موجود عناصر نے دوبارہ جارحیت کی غلطی کی تو اسی شدت اور سختی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ بھارتی کردار کے حوالہ سے بھی شہریوں نے خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر بیرونی ایجنڈے چلتے رہے تو پوری قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔
آخر میں شہریوں نے ملکی سرحدوں کے دفاع میں پاک فوج کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور افغان حملوں کی پرزور مذمت کی۔