پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کرنیوالا ملک بن گیا

پاکستان زرعی برآمدات میں نہ صرف استحکام قائم رکھے ہوئے ہے بلکہ تیز رفتار ترقی کے ذریعے عالمی قیادت کی راہوں پر بھی گامزن ہے۔ بین الاقوامی جریدہ گلف نیوز نے بھی پاکستانی چاول کی عالمی سطح پر پذیرائی کو سراہا ہے۔ سال 2026 کے آغاز میں پاکستان ایک اور شاندار اعزاز کے ساتھ دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ ملک بن گیا۔
دسمبر 2025 میں پاکستانی چاول کی برآمدات نے 14 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا، جس نے عالمی منڈی میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کو واضح کر دیا۔ خاص طور پر باسمتی چاول کی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد غیر معمولی اضافہ پاکستان کی برآمدی کامیابی میں سنگِ میل ثابت ہوا۔
اسی ماہ پاکستان نے 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیے، جبکہ ویتنام کی برآمدات صرف 3 لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان نے ویتنام کو پیچھے چھوڑ کر عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
پاکستانی چاول کی سب سے بڑی منڈیوں میں متحدہ عرب امارات، چین، تنزانیہ، کینیا اور آئیوری کوسٹ شامل ہیں۔ پاکستانی باسمتی چاول کی عالمی معیار اور مسابقتی قیمتوں نے بین الاقوامی منڈیوں میں اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔
یہ مسلسل اضافہ نہ صرف زرعی شعبے میں مؤثر اصلاحات کا نتیجہ ہے بلکہ عالمی منڈیوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور قومی معیشت کی پائیدار ترقی کی بہترین عکاسی بھی ہے۔