ریاض:پاکستانی طلبہ کے لیے سعودی عرب میں مکمل فنڈڈ انٹرنشپ کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفے کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAUST) نے 2026 کے وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام کے لیے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔
یہ پروگرام مکمل طور پر فنڈڈ ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ کے لیے دستیاب ہے۔
منتخب امیدواروں کو ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفہ دیا جائے گا، ساتھ ہی راؤنڈ ٹرپ ہوائی ٹکٹ، کیمپس میں مفت رہائش، مکمل ہیلتھ انشورنس، ویزا سپورٹ اور جدید لیبارٹریز تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔
انٹرن شپ کی مدت 3 سے 6 ماہ ہوگی اور شرکا عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی کی نگرانی میں تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔
پروگرام سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کرتا ہے، جن میں کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، انرجی اسٹڈیز، ماحولیاتی سائنس اور حیاتیاتی علوم شامل ہیں۔ اس دوران طلبہ عالمی معیار کی تحقیق اور جدید سائنسی طریقہ کار سے براہِ راست واقف ہوں گے۔
پاکستان سمیت تمام ممالک کے انڈرگریجویٹ طلبہ (کم از کم تیسرے سال) اور ماسٹرز طلبہ درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا کم از کم جی پی اے 3.5 ہو۔ انگریزی زبان پر عبور ضروری ہے، تاہم IELTS یا TOEFL لازمی نہیں۔ پی ایچ ڈی کے طلبہ اور KAUST کے موجودہ یا سابق طلبہ اس پروگرام کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
درخواست آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائے گی، جس کے لیے تازہ ترین سی وی، تعلیمی ٹرانسکرپٹ، سفارشی خط، ذاتی بیان اور کارآمد پاسپورٹ کی نقل جمع کرانا ضروری ہے۔
درخواستیں پورے سال قبول کی جاتی ہیں، اور شارٹ لسٹ امیدواروں کو چند ہفتوں میں مطلع کیا جاتا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار KAUST کی سرکاری ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنا کر اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
KAUST کا وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام ابھرتے ہوئے محققین کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ پلیٹ فارم ہے، جو تحقیقی مہارتوں کے فروغ اور بین الاقوامی تعلیمی روابط قائم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
5