ایبٹ آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج دفاع وطن کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور مؤثر انداز میں دیا جائے گا۔
ایبٹ آباد میں مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلبا سے خصوصی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور قوم کی حمایت سے ملک میں امن و استحکام قائم رکھا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ہونے والی اس نشست میں اساتذہ، محققین اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کی سیکیورٹی صورتحال، پاک افغان تعلقات اور خطے میں حالیہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دشمن عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوان ان سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ تصدیق شدہ معلومات پر یقین رکھیں اور سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔
اساتذہ نے اس موقع پر کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن اور قوم کی فخر ہیں۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے اپنی قربانیوں سے ملک میں امن کی شمع روشن رکھی ہے۔
وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی، ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کہا کہ پاک فوج حب الوطنی کی علامت ہے جو ہر مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور نوجوان نسل کو ان کے کردار سے روشناس کراتے رہیں گے۔
طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے گفتگو کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں ملکی حالات، افواجِ پاکستان کے کردار اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کے بارے میں درست معلومات حاصل ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے جوابات نے ہمارے ذہنوں سے تمام ابہام دور کر دیے ہیں اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں جس کی سرحدوں کی حفاظت افواجِ پاکستان جیسے بہادر ادارے کر رہے ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ اس نشست نے ہمارے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے اور ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ملکی استحکام اور قومی سلامتی کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریں گے۔