بھارت نے بغیر اطلاع چناب میں پانی کا بڑا ریلا چھوڑ دیا

اسلام آباد: بھارت نے پاکستان کو پیشگی اطلاع دیے بغیر دریائے چناب میں پانی کا ایک بڑا ریلا چھوڑ دیا، جس کے نتیجے میں دریا میں پانی کا بہاؤ اچانک بڑھ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے اپنے ڈیموں سے پانی چھوڑ کر پاکستان کی جانب بہاؤ میں اضافہ کر دیا، اور یہ عمل ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک بھر میں گندم کی فصل بوائی کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ڈیم خالی کر کے پانی کا رخ پاکستان کی طرف موڑا، جس سے گندم کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں اس وقت پانی کا بہاؤ 58 ہزار 300 کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت اپنے ڈیم خالی کرنے کے بعد دوبارہ پانی ذخیرہ کرے گا، جس کے باعث آنے والے دنوں میں دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ اچانک کم ہو کر صفر کے قریب بھی پہنچ سکتا ہے۔

آبی ماہرین نے معاملے کو ’’آبی دہشت گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدام سے پاکستان کی زرعی پیداوار، خصوصاً گندم کی فصل، کو شدید نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات پانی کے معاہدوں اور خطے کے زرعی توازن کو خطرناک حد تک متاثر کر سکتے ہیں۔